23 اگست ، 2015
کراچی........ افضل ندیم ڈوگر.........کراچی کے علاقے بہادر آباد میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل کو ان کے خاندان نے علاج کیلئے امریکہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رشید گوڈیل کے خاندان کی جانب سے حکومت سے یہ اپیل سامنے آئی ہے۔ عبدالرشید گوڈیل پر 18 اگست کی دوپہر حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے، اوران کی اہلیہ با ل بال بچ گئیں جبکہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا۔ جس کے بعد بے ہوشی کی حالت میں انھیں مقامی نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اب انکی حالت بہتر ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کو ان کے صاحبزادے نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وفاقی حکومت کو تحریری درخواست ارسال کی ہے جس میں اپنے والد کو سیکورٹی خدشات اور علاج کے لئے انتہائی نگہداشت کے پیش نظر بیرون ملک بھیجنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ہاتھ سے لکھی گئی ایک صفحہ پر مشتمل مختصر درخواست میں اپنے خاندان کے توسط سے ان کے صاحبزادے نے والد کو امریکا بھجوانے کی اپیل کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق رشید گوڈیل کا باقی علاج، جس میں ان کے جسم سے گولی نکالنے کا عمل بھی شامل ہے، بیرون ملک کرانے کے لیے کہا گیا ہے اور رکن قومی اسمبلی ہونے کی بنا پر ان کے امریکہ منتقل کرنے کے انتظامات کرنے میں مدد کی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد بھی رشید گوڈیل کے ہمراہ امریکہ جائیں گے۔ جبکہ خاندان کے بیشتر افراد پہلے ہی امریکہ جاچکے ہیں۔