24 اگست ، 2015
کراچی......ایم کیو ایم کے مستعفی رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل پر حملہ کے دوران فائرنگ کرتے ہوئے ملزمان اور جائے وقوع کی اہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی ہارڈ ڈرائیو پولیس کی ایک ہفتے کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود کھل نہیں سکی۔ جسے کھولنے کے لئے امریکی ایجنسی ایف بی آئی کو بھجوایا جارہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ ریکارڈنگ ایک معروف سپر اسٹور کے کیمرے کی ہے جس میں پارک کے ساتھ کی گلی کا واضح منظر ریکارڈ ہوا ہے۔ ملزمان نے گلی میں مڑتے ہی جب گاڑی پر فائرنگ کی تو تمام منظر اس کیمرے نے کیپچرکرلیا، جو ہارڈ ڈرائیومیں محفوظ ہے۔ تاہم کوشش کے باوجود ویڈیو کھل نہیں سکی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں سے فوٹیج کھولنے کے لئے مدد حاصل کی گئی مگر کامیابی نہ ہوسکی۔ تفتیشی افسر طارق جدون کے مطابق ہارڈ ڈرائیو کو کھولنے کی مہارت امریکی خفیہ ادارے کے پاس ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے سے رابطہ کرلیا گیا ہے ،اور اس ہارڈ ڈرائیو کو اس ادارے کے حوالے کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے منظوری کی درخواست کردی گئی ہے۔ پولیس حکام وزیراعلیٰ سندھ یا آئی جی سندھ کی منظوری کے بعد ہارڈ ڈرائیو ایف بی آئی کو بھیجوائے گی۔ پولیس کے مطابق یہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل ہوجائے تومقدمے میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔