24 اگست ، 2015
پشاور......قومی احتساب بیورو نے کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر خان ہوتی کے معاون خصوصی سید معصوم شاہ کے خفیہ لاکرز سے 5 کلو گرام سونا برآمد کرلیا۔ اب تک سید معصوم شاہ کی پراپرٹی کے حوالے سے تفصیلات بھی جو سامنے آئیں ہیں وہ کچھ اس طرح ہے۔شبقدر میں 12 کنال گھر اور حجرہ،حیات آباد میں 2 پلاٹ، ریگی ماڈل ٹاون میں 2 پلاٹ ،ڈی ایچ اے کراچی میں 2 پلاٹ،بحریہ ٹاون راولپنڈی میں ایک بنگلہ،زریاب کالونی پشاور میں ایک بنگلہ، تہکال میں 3 کنال پلاٹ، ورسک روڈ پر ایک کنال پلاٹ،قیمتی گاڑیاں، اورغیر ملکی بینکوں میں پڑی کروڑوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی ۔ سید معصوم شاہ ان سب اثاثہ جات کا اکلوتا مالک ہے ،معصوم شاہ 2001 سے 2005 تک تحصیل ناظم شبقدر اور 2010 سے 2013 تک سابق وزیر اعلی کے معاون خصوصی کے طور پر کام کرتے رہے ۔ موصوف 11 اگست سے قومی احتساب بیورو خیبر پختون خوا کے مہمان ہیں۔ ان پر غیر قانونی تقرریوں ،تبادلوں اور رشوت ستانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بے ضابطگیوں کےالزامات ہیں۔ نئی برآمدگی میں معصوم شاہ کی نشاندہی پر ان کے خفیہ لاکر سے 5 کلو سونا برآمد کیا گیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق ان اثاثہ جات کی نشاندہی ابتدائی تحقیقات میں ہوئی ہیں مزید تفتیش جاری ہے جس میں مزید اثاثہ جات سامنے آنے کے امکانات روشن ہیں۔