27 اگست ، 2015
پیرس...... رضا چوہدری...... الیکشن ٹریبونل کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ 154 سے متعلق دھاندلی کے الزامات پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کےحق میں فیصلے کا خیر مقدم پاکستان میں ہی نہیں بیرون ملک میں بھی بڑے پیمانے پرہوا۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں خیر مقدمی طور پر خواتین ونگ کی سربراہ آصفہ ہاشمی نے اس حوالے سے باقاعدہ ایک ضیافت کا اہتمام کیا ،مٹھائی تقسیم کی اور پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماوٴں میاں ذوالفقار احمد ، یاسر خان اور آصفہ ہاشمی نے جنگ سے گفتگو میں کہا کہ ہم الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر عدلیہ اور جہانگیر ترین کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے دھاندلی کے خلاف جس جدوجہد کا پرچم بلند کیا اور مطالبات کے لئے دھرنا دیا اسے وقت نے درست ثابت کیا ہے۔ اب حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ مستعفی ہو جائیں۔