27 اگست ، 2015
کراچی....... کراچی میں را کا نیٹ ورک پکڑا گیا، ’’را‘‘ سے پیسے اور تربیت لینے کے 4 ملزمان کراچی سے گرفتار کرلئے گئے۔ ایس ایس پی محکمہ انسداد دہشت گردی نوید خواجہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چاروں دہشت گرد 1995 میں بھارت سے تربیت لیکر کراچی آئے اور انہوں نے شہر میں دہشت گردی کی کئی وارداتیں کیں۔گرفتار دہشت گردوں میں عبد الجبار عرف ظفر ٹیشن، محمد شفیق عرف پپو، محمد محسن عرف کاشف اور خالد شامل ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتار دہشت گرد ظفر ٹینشن نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اجمل پہاڑی کے ساتھ بھارت سے کراچی آیا تھا، دہشت گردوں کے دبئی، لندن اور جنوبی افریقہ میں بھی رابطے ہیں۔ ایس ایس پی نوید خواجہ کے مطابق چاروں دہشت گرد فرقہ وارانہ دہشت گردی کی کئی وارداتیں کر چکے ہیں جبکہ محفل شاہ خراساں، امام بارگاہ انچولی سمیت اہم سیاسی و مذہبی شخصیات پر حملے کرنا چاہتے تھے۔ نوید خواجہ کے مطابق ملزمان نے بھارت کے مختلف علاقوں میں تربیت حاصل کی، کئی بینک اکاؤنٹس سے دہشت گردوں کی مالی معاونت ہوتی ہے، دہشت گردپاکستان میں امن وامان کی صورتحال خراب کرناچاہتےتھے، دہشتگردوں کو بھارت سے کروڑوں روپےملاکرتےتھے، دہشت گردوں کےخلاف ملک سےبغاوت کےمقدمات درج کیےجائیں گے۔