27 اگست ، 2015
اسلام آباد....... پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ اور شیری رحمان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان چل رہا ہے ، جس پر وضاحتیں چاہییں، پیپلز پارٹی کے خلاف کارروائیوں سے کیا پیغام دیا جارہاہے ، دہشتگردوں کے خلاف بنائے گئے قوانین کو سیاستدانوں کے خلاف کیسے استعمال کیاجارہاہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جارہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے،پیپلز پارٹی رہنماؤں کے خلاف کارروائی ایک ساتھ زور پکڑتی جارہی ہے، نیب کے ادارے کو اس وقت صرف پیپلزپارٹی نظر آرہی ہے، وہائٹ کالر کرائم پر جو قانون لاگو ہوتا ہے، اسے استعمال میں لایا جائے، پیپلز پارٹی دہشتگردی کیخلاف لڑتی رہی ہے، اس پر دہشتگردوں کی مالی معاونت کا الزام کیسے لگایا جاسکتا ہے؟