30 اگست ، 2015
پشاور........ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہونے کو ہے اور زیادہ تر اضلاع میں ضلع ناظم اور نائب ناظم کا انتخاب کرلیا گیا ہے ، جیتنے والے امیدواروں کے حامی جشن بھی منارہے ہیں اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں بھی کھلارہے ہیں، خیبرپختونخوا میں ضلع، ٹاؤن اور تحصیل ناظمین کو منتخب کرلیا گیا۔پشاور میں تحریک انصاف کے امیدواروں میں کچھ ان بن دیکھنے میں آئی لیکن ناراض امیداوار یونس ظہیر نے آخری لمحات میں کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ، یوں ناظم کے مقابلے کے لیے تحریک انصاف کے ارباب عاصم ضلع ناظم منتخب ہوگئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر نوشہرہ سے لیاقت خٹک ، ڈیرہ اسماعیل خان سے عزیزاللہ ، ہری پور سے عادل اسلام اور ٹانک سے مصطفیٰ کنڈی ضلعی ناظم منتخب ہوئے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر سوات سے محمد علی شاہ، کوہاٹ سے نیازمحمد اور شانگلہ سے نیازاحمدخان کو ضلع ناظمین منتخب کیا گیا۔ ایبٹ آباد میں مسلم لیگ نواز کے حمایت یافتہ سردار شیر بہادر41ووٹ لیکر ضلع ناظم منتخب ہوگئے۔ جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر دیربالا سےصاحبزادہ فصیع اللہ اور چترال سے حاجی مغفرت شاہ نے ضلع ناظمین کی سیٹیں سنبھال لیں۔ صوابی سے اے این پی کے امیررحمان کو ڈسٹرکٹ ناظم منتخب کیا گیا۔ مالاکنڈ میں پیپلزپارٹی کے احمد شاہ باچا ضلع ناظم اور اے این پی کےابرارحسین نائب ناظم منتخب ہوئے۔ ہنگو میں جمعیت علمائے اسلام ف کےمفتی عبیداللہ ضلع ناظم منتخب کرلیے گئے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں جیتنے والوں کا جشن جاری ہے، کہیں کامیاب ہونیوالوں کیساتھ ریلیاں نکالی جارہی ہیں، کہیں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جارہے ہیں تو کہیں مٹھائیوں کا دور دورہ ہے۔