31 اگست ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے چیئرمین نادرا کی جانب سے کراچی میں نادرا کے تین سینٹرز بند کرنے کے احکامات کی سخت مذمت کی ہے ۔رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ نادرا کے مراکز بند کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیاگیا تو عوام پرامن احتجاج کریں گے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چیئرمین نادرا نے کراچی کے علاقے عائشہ منزل، بلدیہ ٹاوٴن اور نیوکراچی میں قائم نادرا کے سینٹرز بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جس کے باعث عوام کو اپنے قومی شناختی کارڈ کے حصول اور تجدید کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ نادرا کے تین سینٹرز بند کرنے کے احکامات کراچی دشمنی کی بدترین مثال ہے،بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعد نادرا سینٹرز بند کرنے کے احکامات غیرقانونی اورغیرآئینی ہیں شہریوں کو شناختی کارڈز کی فراہمی کیلئے نادرا کے سینٹرز کو دوبارہ بحال کرایاجائے۔