02 ستمبر ، 2015
لاہور.......این این آئی....... پاکستان کے نامور اداکار شان نے بھارتی فلم ’فینٹم‘ کی حمایت کرنے پر اداکارہ ماورا حسین پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے۔ ٹویٹر پر شان نے اداکارہ ماورا حسین کی جانب سے بھارت کی متنازع فلم ’فینٹم‘ کی حمایت کرنے پر ان پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ہمیں پاکستان کے مخالف فلم کی حمایت کرنے والی اداکارہ پر پابندی نہیں لگا دینی چاہیئے۔ اداکارہ ماورا حسین نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بھارتی فلم ’فینٹم‘ کی حمایت کی اور کہا کہ بالی وڈ فلم دہشت گردی کے خلاف ہے اور دہشت گرد کسی ملک کا نہیں ہوتا، بلکہ صرف دہشت گرد ہوتا ہے۔ ماورا حسین نے کہا کہ فلم ’فینٹم‘ ایک واقعے سے متعلق ہے، جس میں انسانیت متاثر ہوتی ہے، جبکہ اس فلم سے پاکستان یا بھارت متاثر نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ فلم دیکھنا پسند کروں گی، پھر اس کے اچھا یا برا ہونے کا فیصلہ کروں گی اور یہی ہر کسی کو کرنا چاہیئے۔