04 ستمبر ، 2015
لاہور.....سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے دو ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ ملزموں کا فرض تھا مسیحی جوڑے کی جان بچاتے نہ کہ اشتعال انگیزی کرتے ۔کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کےکیس کے دو ملزموں نثار اور اکرم نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ضمانتوں کیلیے درخواستیں دے رکھی تھیں ۔عدالت نے سماعت کے بعد دونوں ملزموں کی درخواستیں مسترد کر دیں۔جسٹس اعجاز چودھری نے ریمارکس دئیے کہ جے آئی ٹی کی تفتیش میں ملزموں پر اشتعال انگیزی اور توڑ پھوڑ کا الزام ثابت ہوتا ہے۔ ملزموں کا فرض تھا مسیحی جوڑے کی جان بچاتے نہ کہ خود اشتعال انگیزی کرتے ۔عدالت نے شریک ملزموں کی ضمانت لینے کے بارے میں ہائیکورٹ کے فیصلے پر اظہار برہمی کیا اور ریمارکس دئیےکہ بعض عدالتی فیصلے بڑے ناقص ہیں ، جنہیں دادرسی کے لیے بنیاد نہیں بنایا جاسکتا ۔