05 ستمبر ، 2015
اسلام آباد.........وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی خطے میں امن کی ضامن، بے مثال اور لازوال ہے۔ پاکستان اور چین کے مفادات مشترکہ ہیں۔ چینی ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صدر ممنون حسین اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنمائوں نے اقتصادی راہداری پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ طارق فاطمی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کے لیے اہم ہے، اس منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کو ابھرتی ہوئی عالمی طاقت کے طور پر دیکھتا ہے اور پاک بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی اقوام عالم کے لیے روشن مثال ہے اور خطے کی ترقی میں چین کا کردار بہت اہم ہے۔