11 ستمبر ، 2015
اسلام آباد......وزیر اعظم نواز شریف نے نیپرا کو بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 19 پیسے فی یونٹ کمی کی ہدایت کر تےہوئےکہاہےکہ تیل کی قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کاکہنا ہے کہ بعض افراد حکومت کی شفافیت پربلاوجہ اعتراض کررہے ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف نے اپنی زیرصدارت اجلاس میں یہ ہدایات دیں کہ بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 19 پیسےفی یونٹ کمی کی جائے ۔2روپے 14 پیسے فی یونٹ پچھلے بلوں کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بھی کم کیے جائیں۔ پاکستان بھر کے چیمبر آف کامرس کے سربرا ہ اور آپٹما عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
تاجربرادری نے وزیراعظم کےساتھ خوب گلے شکوے کیے اورکہا مسائل حل کیےجائیں،حکومت کےساتھ چلنے کوتیارہیں۔ٹیکس ریٹرنز کا معاملہ بھی تک حل نہیں کیا گیا۔ برآمدات پر ٹیکسز اور ڈیوٹیوں کی شرح پاکستان میں پورے خطے کی نسبت زیادہ ہے ،بجلی اور گیس کی عدم دستیابی سے صنعتوں کی پیداوار پر برا اثر پڑا ہے ،تاجر برادری نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم کرنے کی تجویز جبکہ اضافی ٹیکسز ختم کرنے کامطالبہ کیا۔
وزیر اعظم نے وزیر خزانہ سمیت دیگروزراء کو تاجر برادری کےمسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کاکہناتھاکہ چاہتے ہیں کہ تاجر برادری معیشت کی بہتری میں بھرپور حصہ ڈالے، برآمدات بڑھیں گی۔