11 ستمبر ، 2015
مکہ مکرمہ.......سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں صفا اور مروہ کے درمیان تعمیراتی کرین گر گئی، جس کے نتیجے میں 87افراد شہید اور184 زخمی ہوگئے۔ مکہ مکرمہ میں طوفانی بارشیں جاری ہیں جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔حادثہ صحن حرم میں صفا کے باہر کے علاقے میں پیش آیا۔
بارش، طوفانی ہوائوں اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کرین اپنا توازن برقرار نہیں رکھ سکی اور گر گئی۔سعودی سول ڈیفنس اتھارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حادثے کی تصدیق کی ہے۔ کرین حرم شریف میں توسیعی کاموں کے سلسلے میں لگائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ آج جمعہ تھا اور ہفتہ وار چھٹی ہونے کی وجہ سے حرم شریف اور گردو نواح میں لاکھوں افراد موجود ہیں، جبکہ حج کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر سے بڑی تعداد میں حجاج کرام مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔