15 ستمبر ، 2015
راولپنڈی.........کراچی بلیوز اور پشاور کی ٹیمیں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ٹائٹل کےلیے دونوں ٹیمیں آج راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی ۔
ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز نے ملتان ریجن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے مات دی، کراچی بلیوز نے 8 وکٹ پر 189رنز بنائے، فواد عالم نے 42 گیندوں پر 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اسد شفیق نے 53 اور سرفراز احمد نے 38 رنز بنائے، جواب میں ملتان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 181رنز بناسکی، عامر یامین نے 45رنز کی اننگز کھیلی، صہیب مقصود نے 38رنز بنائے، عبدالامیر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے سیمی فائنل میں پشاور نے سیالکوٹ کو پانچ وکٹ سے ہرا دیا ،سیالکوٹ نے 7 وکٹ پر 169رنز بنائے، عدیل ملک 70رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جواب میں پشاور نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ اس جیت کے ہیرو اوپنر رفعت اللہ مہمند اور محمد رضوان رہے، رفعت اللہ نے 78رنز اسکور کیے، رضوان47 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔فتح پر پشاور کے کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار بھرپور انداز میں کیا، ایونٹ کا فائنل آج کراچی بلیوز اور پشار کے درمیان کھیلا جائے گا۔