16 ستمبر ، 2015
راولپنڈی.......محمد رضوان اور افتخار احمد نے پشاور کو ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی چیمپین بنا دیا،فائنل میں کراچی بلیوز کو 7وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے فائنل میں کراچی بلیوز کاآغاز مایوس کن ہوا۔دوسری وکٹ پر خرم منظور اور خالد لطیف نے 52رنز جوڑے،خالد23رنز اور خرم منظور41رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسد شفیق ،فواد عالم اور شاہد آفریدی بھی جلد ہی لوٹ گئے ،ایسے میں کپتان سرفراز احمد نے 47رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 8 وکٹ پر177رنز تک پہنچادیا۔عمران خان جونیئر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پشاورکے بیٹسیمنوں نے شاندار پرفارمنس دی، رفعت اللہ مہمند نے 43رنزبنائے،لیکن محمد رضوان اور افتخار احمد نے کمال ہی کر دیا ،دونوں نےچوتھی وکٹ پر 110رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور پشاور کو فاتح بنا دیا ۔ رضوان نے 58 اور افتخار نے 57رنزبنائے،محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔
دوسری جانب راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے دوران اسٹیڈیم کے باہر شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی۔ بدنظمی کے باعث کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ نے داخلی گیٹ بند کردیا۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے سری لنکا کے سفیر بد نظمی کے باعث واپس لوٹ گئے۔دوسری جانب وی آئی پی پاس اور ٹکٹ رکھنے والے سیکڑوں شائقین گیٹ پر جمع تھےجو میچ دیکھنے سے محروم رہے۔