19 مئی ، 2012
بٹ گرام … جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے نیٹو سپلائی بحال کی تو اس کا ملک بھر میں شدید ردعمل ہوگا۔ بٹگرام میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی کیلئے کام اور امریکا کی غلامی سے انکار کیا، اس لئے حکومت اور ایجنسیاں اْن کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران گڈ گورننس قائم کرنے کے بجائے عدلیہ اور جیلوں کے درمیان بھٹک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دیدیا ہے، لیکن وہ پھر بھی وزیر اعظم ہیں اگر عدلیہ وزیراعظم کو نااہل نہیں کہہ رہی تو ہم کس طرح انہیں نا اہل کہہ سکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کے حوالے سے پارلیمنٹ کا فیصلہ ہر حالت میں سپریم ہے۔