پاکستان
18 ستمبر ، 2015

پشاور:فضائیہ کے رہائشی کیمپ پر حملہ،6دہشت گرد ہلاک

پشاور:فضائیہ کے رہائشی کیمپ پر حملہ،6دہشت گرد ہلاک

پشاور......پشاورکے نواحی علاقے بڈھ بیر میں پاک فضائیہ کے رہائشی کیمپ پرحملہ آور6 دہشت گردوں کوکوئیک ری ایکشن فورس اورآرمی کمانڈوزنے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کردیا۔میجر حسیب سمیت دو اہلکارزخمی ہوئے،جنہیں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح سویرے پشاورکے علاقے بڈھ بیر میں دہشت گردوں نے ایئرفورس کے رہائشی کیمپ پر حملہ کردیا اورکیمپ کے گارڈ روم کو نشانہ بنایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 7 سے 10 دہشت گردوں نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔ کوئیک ری ایکشن فورس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی اور دہشت گردوں کو گھیرکر ایک علاقے تک محدود کردیا گیا اورعلاقے کی فضائی نگرانی کی جاتی رہی۔ شدید مقابلے میں 6دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیاہے۔ فورسزاوردہشت گردوں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا،جس کے دوران میجر حسیب زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بریگیڈیئرکمانڈر نے آپریشن کی سربراہی کی ۔کوئیک ری ایکشن فورس اورآرمی کمانڈوز نے آپریشن میں حصہ لیا ،آپریشن میں پاک فضا ئیہ نے بھی حصہ لیا اور حملہ آوروں کی پیش قدمی روک دی گئی ہے اور علاقے کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

پاک فضائیہ کے ذرائع کےمطابق پاک فضا ئیہ کےناردرن سیکٹرمیں سیکیورٹی ریڈالرٹ کردی گئی ہے۔ فضا ئیہ کےاسپیشل سروسزونگ نےعلاقےکاکنٹرول سنبھال لیا ہے۔علاقے کی فضائی نگرانی مسلسل جاری ہے۔

پاک فضائیہ کے ذرائع کےمطابق بڈھ بیر آپریشنل بیس نہیں ہے ، رہائشی علاقہ ہے۔ اس بیس پراسٹرٹیجک اثاثے موجود نہیں، پاک فضائیہ کے تمام بیسز پرسکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے ۔ فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں ۔

مزید خبریں :