19 مئی ، 2012
کراچی … پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرا نے کہا ہے کہ مہاجر صوبے کی چاکنگ کرنے والے سندھ میں انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں اور کوئی قوم یا جماعت سندھ کی تقسیم نہیں چاہتی ہے۔ یہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں کے ہمراہ پیپلزپارٹی میڈیا سیل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ اگر کسی طاقت نے سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی، پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی عمران لغاری کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری نثار سندھ اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے روبرو پیش نہ ہوئے تو سندھ اسمبلی میں ان کے خلاف قرار داد لائی جائے گی، نواز شریف نے سندھ میں ڈاکووٴں کو جمع کرنا شروع کردیا ہے اور نواز شریف جئے سندھ کے نعرے لگا کر سندھ کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور چیئرمین نیب سے اپیل ہے کہ وہ لیاقت جتوئی کے خلاف زیرالتواء بدعنوانی کے مقدمات کھولیں۔