پاکستان
18 ستمبر ، 2015

پشاور فضائیہ کیمپ حملہ: کیپٹن،3ٹیکنیشنز،16نمازی شہید،13دہشتگرد ہلاک

پشاور فضائیہ کیمپ حملہ: کیپٹن،3ٹیکنیشنز،16نمازی شہید،13دہشتگرد ہلاک

پشاور........پشاور میں پاک فضائیہ کے کیمپ پر دہشت گردوں نے آج صبح سویرے حملہ کردیا ، دہشت گردوں نے مسجد میں فائرنگ کی جس سے 16نمازی شہید ہوگئے ، پاک فوج سے مقابلے میں تمام 13 حملہ آور مارے گئے ، مقابلے میں پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار بخاری اور پاک فضائیہ کے تین ٹیکنیشنز بھی شہید ہوئے ۔

دہشت گردوں سے مقابلے میں پچیس سے زائد افراد زخمی ، سی ایم ایچ اور لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ائر چیف مارشل سہیل امان نے زخمیوں کی عیادت کی ، کورکمانڈر سے ملاقات کی ۔انہیں حملے پر بریفنگ دی گئی۔ شہدا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے وزیر اعظم بھی پشاور پہنچیں گے۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول کے 9 ماہ بعد، دہشت گرد ایک بار پھر پشاور پر حملہ آور ہوئے ، جن کا ہدف پاک فضائیہ کا کیمپ تھا، صبح فجر کے وقت کیمپ دھماکوں سے گونج اٹھا۔دہشت گردوں نے سیکیورٹی حصار توڑنے کےلیےگارڈ روم پر حملہ کیا تو پاک فضائیہ کے جوانوں نے مزاحمت کی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانسٹبلری کی وردی پہنے حملہ آور دوراستوں سے کیمپ میں داخل ہوئے ، اور چھوٹے گروپس میں بٹ گئے ۔ ایک گروپ مسجد کی طرف آیا اور نمازیوں پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کردیا۔ اس بزدلانہ کارروائی میں 16 نمازی شہید ہوگئے ۔حملے کے کچھ ہی دیر کوئیک ری ایکشن فورس دہشت گردوں سے نبرد آزما ہوگئی اور 13 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچادیا۔

حملہ آوروں سے مقابلہ کرتےہوئے پاک فوج کے کیپٹن اسفندیار اور پاک فضائیہ کے دو ٹیکنیشن بھی شہید ہوگئے ۔ جبکہ میجر حسیب کی ٹانگ میں گولی لگی ۔ ان سمیت 10 کے قریب جوان دہشت گردوں سے مقابلے میں زخمی ہوئے ۔

جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار بخاری فرنٹ لائن پر فوجی دستوں کی قیادت کررہے تھے ، پاک فوج کے بہترین افسر مانے جاتے تھے ، بہترین کارکردگی پر اعزاز ی شمشیر بھی حاصل کی تھی ۔

ترجمان پاک فضائيہ کےمطابق گارڈ روم ميں ڈیوٹی پر تعینات جونیر ٹیکنیشنز شان،ثاقب اور طارق بھی دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہوئے ، تینوں نے مقابلے میں پانچ دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا ۔

علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آپریشن میں تین ہیلی کاپٹرز بھی استعمال کیے گئے ، متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔

مزید خبریں :