18 ستمبر ، 2015
واشنگٹن.......امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن نے اعتراف کیا ہے کہ داعش کے خلاف لڑنے کے لیے امریکا کا شام کے باغیوں کو تربیت دینے کا منصوبہ مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے جنرل آسٹن نے کہا کہ امریکا کے 54 تربیت یافتہ باغیوں کو القاعدہ کے ایک گروہ نے ختم کر دیا تھا۔اس وقت صرف چار یا پانچ افراد ہی داعش سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سالانہ پانچ ہزار افراد کو بھرتی کرنے کا مقصد پورا نہیں ہو سکا لیکن اگر دیرپا اور مثبت نتائج حاصل کرنے ہیں تو صبر کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
امریکی کانگریس نے پانچ ہزار باغیوں کو تربیت، اسلحہ اور دیگر سامان فراہم کرنے کے لیے پچاس کروڑ ڈالر کی منظوری دی تھی۔