Time 30 مارچ ، 2025
انٹرٹینمنٹ

'بھائی نے مذاق میں پوسٹ شیئر کی تھی'، انڈسٹری چھوڑنے کی خبروں پر غنا علی کو وضاحت دینا پڑگئی

بھائی نے مذاق میں پوسٹ شیئر کی تھی، انڈسٹری چھوڑنے کی خبروں پر غنا علی کو وضاحت دینا پڑگئی
اداکارہ کی اسٹوری چند ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی__فوٹو: فائل

پاکستانی اداکارہ غنا علی نے شوبز انڈسٹری کو اسلام کی خاطر خیرباد کہنے کی خبروں پر وضاحتی بیان شیئر کردیا۔

28 مارچ کو غنا علی کے انسٹاگرام پر انڈسٹری کو الوداع کہنے کی اسٹوری شیئر کی گئی جس میں لکھا تھا کہ وہ خدا کے احکامات اور مذہب کی خاطر شوبز چھوڑ رہی ہیں، مداح انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

اداکارہ کی اسٹوری چند ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بعدازاں انہیں ایک اور وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ انڈسٹری کو الوداع نہیں کہہ رہیں، غنا نے اسٹوری میں لکھا کہ شوبز چھوڑنے کی اسٹوری ان کے بھائی نے مذاق میں لکھی تھی، اسے سچ نہ سمجھا جائے، وہ شوبز نہیں چھوڑ رہیں۔

بھائی نے مذاق میں پوسٹ شیئر کی تھی، انڈسٹری چھوڑنے کی خبروں پر غنا علی کو وضاحت دینا پڑگئی
فوٹو: اسکرین گریب

غنا علی نے لکھا کہ یہ سچ ہے کہ ابھی وہ انڈسٹری نہیں چھوڑ رہیں لیکن مستقبل میں وہ اپنے بچوں اور فیملی کو سنبھالنے اور وقت دینے پر زیادہ توجہ دیں گی۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فی الحال غنا علی شادی اور پھر دو بچوں کی پیدائش کے بعد اداکاری سے دور ہیں لیکن وہ انسٹاگرام پر کافی متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

خیال رہے کہ غنا علی اب تک پاکستان کے کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں سُن یارا، کس دن میرا ویاہ ہووے گا سیزن 4، سایہ دیوار بھی نہیں، ہانیہ، چھوٹی چھوٹی باتیں سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ غنا علی پاکستان کی کچھ مشہور فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں رنگریزہ، مان جاؤ ناں اور کاف کنگنا شامل ہیں۔

مزید خبریں :