کھیل
20 ستمبر ، 2015

پاکستان میں انگلینڈ کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت ہے، وقار یونس

پاکستان میں انگلینڈ کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت ہے، وقار یونس

کراچی..........قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، سیریز میں سپنرز کا کردار بہت اہم ہو گا اور ٹیم سعید اجمل کی کمی محسوس نہیں کرے گی۔

اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف مختصر اوورز کی سیریز کے بجائے ہماری تمام تر توجہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز پر مرکوز ہے۔ میری خواہش ہے کہ ٹیم گزشتہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز کی کارکردگی کو دوہراتے ہوئے اور فتوحات سمیٹے۔ لیکن مقصد کے حصول کے لیے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری بھرپور انداز سے نبھانا ہوگی۔

وہ کہتے ہیں کہ ہمارے کھلاڑی متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے اچھی ہم آہنگی رکھتے ہیں اور ان کے پاس انگلش ٹیم کو ہرانے کا سنہری موقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کو چند نادر کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، لیکن متحدہ عرب امارات کی موسمی صورتحال مختلف ہے، اسلئے یہاں کی وکٹیں ہمارے بلے بازوں اور اسپنرز کے لئے زیادہ موزوں ہیں، اسلئے مجھے پورا یقین ہے کہ ٹیم سیریز جیتنے میں کامیابی حاصل کرے گی۔

مزید خبریں :