20 ستمبر ، 2015
لاہور.......عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور میں ضمنی انتخاب وہی الیکشن کمیشن کروارہا ہے جس نے پہلے دھاندلی کی تھی ، نون لیگ کے امیدوار ووٹروں کو دھمکا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسر ہراساں کررہے ہیں ، کارکن جیب میں خفیہ کیمرے رکھیں ، پولیس والا کچھ کہے تو چپ کرکے تصویر بنالیں اور مجھے دیں ، میں نہیں چھوڑوں گا۔
تحریک انصاف کے کپتان عمران خان مخالفین کے خلاف مکمل ایکشن میں ہیں،ایک بار پھر الیکشن کمیشن سے ناراضگی ظاہر کی اور دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن تو چاہتا ہے کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخاب میں شکست کھاجائے۔
پولیس اور نون لیگ کو بھی ایک ہی ہلے میں تنقید کا نشانہ بنایا، پولیس کی مبینہ زیادتیوں کو ذکر کرتے ہوئے کارکنوں کو خفیہ کیمرے رکھنے کی ہدایت کی،باقی کیا کرنا ہے اس کے لیے کہا کہ میں ہوں ناں۔
اس سے پہلے تحریک انصاف کی ٹیم نے کل الیکشن کمیشن میں عمران خان کو انتخابی مہم چلانے کی پٹیشن دائر کرنے کی تیاری بھی کرلی،چوہدری سرور نے کہا کہ عمران کو انتخابی مہم سے روکنا زیادتی ہے۔
اس سے پہلے تحریک انصاف کےچیرمین عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ این اے ایک سو بائیس کے ضمنی انتخاب میں مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو شکست دیں گے۔