20 مئی ، 2012
پشاور…وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ باچا خان میڈیکل کالج اور بے نظیر شہید چلڈرن اسپتال کی سہولیات اہل مردان تک محدود نہیں بلکہ صوبے بھر کے عوام ان سے استفادہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ امیرحیدر خان ہوتی نے مردان میں باچا خان میڈیکل کالج اور بے نظیر شہید چلڈرن اسپتال کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ با چا خان میڈیکل کالج کی تعمیر پر ایک ارب 71 کروڑ روپے اور بے نظیر شہید چلڈرن اسپتال کی تعمیر پر 2 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ دونوں منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔