21 ستمبر ، 2015
کراچی… رفیق مانگٹ…پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ طے ہے کہ وہ جے ایف17 تھنڈر کی ٹیکنالوجی امریکا اور بھارت کے ہاتھ نہیں لگنے دیں گے۔
چینی اخبار”چائنہ ٹائمز“ نے بیجنگ کے سینا ملٹری نیٹ ورک کے حوالے سے لکھا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان مشترکا تیار کردہ جنگی طیارے جے ایف 17تھنڈر کی ٹیکنالوجی کو امریکا اور بھارت سے دور رکھنے کا معاہدہ طے ہے کیونکہ جے ایف 17 کو امریکی لڑاکا ایف16پر برتری حاصل ہے۔
جے ایف 17کے بلاک ٹو پاک فضائیہ کے منہاس اسکوڈرن کے پاس زیر استعمال ہیں۔ منہاس پی اے ایف کا تیسرا اسکوڈرن ہے جسے جے ایف 17سے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
سینا ملٹری رپورٹ کے مطابق جے ایف17اور ایف16کا جب موازنہ کیا جاتا ہے تو پاکستان اور چین کا مشترکا تیار کردہ جے ایف17 غالب ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا نے کوشش کی کہ وہ جے ایف 17 تک رسائی حاصل کرے اور اس کا تجزیہ کرے لیکن پاکستان نے امریکا کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ ہے کہ اس لڑاکا طیارے کی ٹیکنالوجی کی معلومات کا کسی سے تبادلہ نہیں کیا جائے گا اور خاص کر بھارت اور امریکا کو اس کے متعلق کچھ نہیں بتایا جائے گا۔