21 ستمبر ، 2015
کراچی… رفیق مانگٹ…پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان بریگیڈ کمانڈرز کی سطح پر فلیگ میٹنگ کا انعقادآج کیا جارہا ہے۔دونوں اطراف کے فیلڈ کمانڈرز سرحد پر کشیدہ صورت حال کو کم کرنے کے طریقہ کار پر گفتگو کریں گے۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پیرسے ہی پاکستان اور چین کے سرحدی علاقوں کا تین روزہ دورہ کریں گے۔
بھارتی اخبار”انڈین ایکسپریس “ کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی نے انکشاف کیا ہے کہ میٹنگ کا انعقاد جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں دونوں اطرف شہریوں کی ہلاکتیں اور بڑے پیمانے پر نقصان پر بات کی جائے گی۔ فلیگ میٹنگ چکاں دا باغ کراسنگ پوائنٹ پرہوگی ۔
یہ ملاقات تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد منعقد ہورہی ہے۔ آ خری بار میٹنگ دو بھارتی فوجیوں کی پونچھ میں ہلاکت کے بعدجنوری 2014میں ہوئی تھی۔ دہلی میں بی ایس ایف اور رینجرز دونوں کی ڈائریکٹر جنرل سطح کی میٹنگ کے ایک ہفتے کے بعد فلیگ میٹنگ ہو رہی ہے۔
بھارتی اخبار” انڈیا ٹوڈے “ کے مطابق سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، فائرنگ اور مارٹر گولہ باری کے روزانہ تبادلے میں اضافے کے پیش نظر دونوں ممالک کے فوجی حکام مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے مقام پر فلیگ میٹنگ منعقد کریں گے۔ یہ بریگیڈ کمانڈر سطح پر میٹنگ ہوگی۔اخبار نے الزام لگایا کہ پاکستان کی طرف سے بیس بار سرحدی خلاف ورزی کی گئی۔
بھارتی اخبار”اکنامک ٹائمز“ کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پیرسے مقبوضہ جموں کشمیر میں کنٹرول لائن اور چین کیساتھ چمارکے سرحدی تنازع کے حل کیلئے لداخ کاتین روزہ دورہ کریں گے۔ وہ سامبا سیکٹر میں واقع ’بھارت تبت بارڈر پولیس کیمپ‘ میں آفیسرز میس کے افتتاح کے بعد اگلے مورچوں کا معائنہ کریں گے۔
اس کے بعدوہ مشرقی لداخ کی چمار پوسٹوں کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں بھارتی اور چینی افواج کے درمیان گزشتہ ایک سال سے تنازع چلا آرہاہے۔ ہاٹ اسپرنگ اور تھاکونگ اور چشول میں انڈو تبتین بارڈر پولیس کی چوکیوں کا معائنہ بھی کریں گے۔بھارتی وزیر داخلہ بھارت چین سرحد کا بھی جائزہ لیں گے۔