21 ستمبر ، 2015
کراچی........کراچی پولیس کا کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ دہشت ناک مجرموں کیلئے دہشت کی علامت بن گیا،مختلف کارروائیوں میں سینئر صحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم اور بھارتی ایجنسی را کیلئے کام کرنے والے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیاگیا۔
سینئرصحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری سے متعلق خبر جیو نیوز چند روز پہلے نشر کرچکا ہے،آج ایس ایس پی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نےاس کی تصدیق کی ہے ۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی عامر فاروقی کے مطابق گرفتار ملزم ذیشان حیدر زیدی آفتاب عالم سمیت کئی افراد کے قتل میں ملوث ہے،ملزم ذیشان حیدر کے گروہ نے 9ستمبر کو آفتاب عالم کے قتل کے بعد نیو کراچی میں ایک بیکری پر فائرنگ کر کے عمران اور وقار کو بھی قتل کیاتھا۔
سی ٹی ڈی نے ایک اور کارروائی کے دوران ناظم آباد سے را کے مبینہ ایجنٹ ندیم عرف نکل کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایس پی نوید خواجہ کے مطابق ملزم ندیم بھارت سے ٹریننگ لے کر آیا ہے، اس کا تعلق ایم کیو ایم کے جاوید لنگڑا گروپ سے ہے اور وہ واٹر بورڈ کا گھوسٹ ملازم ہے۔ملزم کے قبضے سے بارودی مواد برآمد کرنے دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔