انٹرٹینمنٹ
22 ستمبر ، 2015

ملالہ پر دستا ویزی فلم 2اکتوبر کو نما ئش کیلئے پیش ہوگی

 ملالہ پر دستا ویزی فلم 2اکتوبر کو نما  ئش کیلئے پیش ہوگی

اسلام آباد......جرأت اور بہادری کی مثال ملالہ یوسف زئی کو ایک اور اعزاز حاصل ہو گیا، گل مکئی کی زندگی پر بننے والی دستاویزی فلم ’’ہی نیمڈ می ملالہ‘‘ سینسر بورڈ نے پاس کر دی ہے۔یہ فلم دو اکتوبر کو دنیا بھر میں سینماگھروں کی زینت بنے گی۔

فخرپاکستان ،جرات و بہادری میں بے مثال اور دہشت گردوں کے منہ پر طمانچہ مارنے والی قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنا ئی جا نے والی دستاویزی فلم نما ئش کے لئے تیار ہوگئی ہے ۔

ملالہ یوسف زئی نے عملی زندگی میں دہشت گردوں کے فلسفے کو پچھاڑتے ہوئے تعلیم و آگہی کا سفر جاری رکھا اور ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

اسلام آباد میں فلم سنسر بورڈ کے چئیرمین مبشرحسن کے مطابق مرکزی فلم سنسر بورڈ نے ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بننے والی فلم کسی اعتراض کے بغیر پاس کردی ہے۔

فلم میں ملالہ یوسف زئی کی زندگی، تعلیمی جدوجہد اوراس پر حملے کے واقعات دکھائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ فلم میں ملالہ کے والد ضیا الدین یوسف زئی اور ملالہ کے اہل خاندان کے ساتھ ساتھ ملالہ کے اساتذہ کے انٹرویوز بھی شامل ہیں۔ ملالہ کے نوبل پرائز وصول کرنے کے لمحات کو بھی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بین الاقوامی سطح پریہ فلم دو اکتوبر کو نما ئش کے لئے پیش کی جارہی ہے، لیکن پاکستان میں اس کی ریلیز کے لیے تاریخ ابھی مقرر نہیں کی گئی۔

مزید خبریں :