دنیا
23 ستمبر ، 2015

جرمنی:داعش کیلئے بھرتی کرنے کا شبہ، مراکشی شہری گرفتار

جرمنی:داعش کیلئے بھرتی کرنے کا شبہ، مراکشی شہری گرفتار

برلن.......جرمنی کی انٹیلی جنس ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں حالیہ مہینوں کے دوران انتہا پسندوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے اور وہ نئے آنے والے مہاجرین میں سے جنگجو بھرتی کررہے ہیں۔

جرمنی کے داخلی سلامتی کے ذمے دار دفتر برائے تحفظ آئین(بی ایف وی)نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں راسخ العقیدہ سلفیوں کی تعداد ستمبر میں بڑھ کر اناسی سو ہوچکی ہے جبکہ جون میں ان کی تعداد ساڑھے سات ہزار تھی اور وہ پناہ کے لیے درخواست گزاروں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اس سراغرساں ادارے کے صدر ہانس جارج ماسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر گہری تشویش لاحق ہے کہ جرمنی میں گروپس انسانی امداد کے پردے میں مہاجرین کی صورت حال سے فائدہ اٹھانے اور پناہ گزینوں میں سے جنگجو بھرتی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

درایں اثنا پولیس نے برلن میںداعش کے لیے لوگوں کو بھرتی کرنے کے شبے میں مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر آٹھ چھاپہ مار کارروائیاں کرکے ایک اکاون سالہ مشتبہ مراکشی شہری کو داعش کے لیے لوگوں کو بھرتی کرنے کے الزام میں گرفتار کیاہے ۔

بیان کے مطابق داعش کے لیے بھرتی کے عمل میں مقدونیہ سے تعلق رکھنے والا ایک انیس سالہ نوجوان بھی شامل ہے اور وہ اس وقت شام میں داعش کی صفوں میں شامل ہو کر لڑرہا ہے۔

مزید خبریں :