25 ستمبر ، 2015
کراچی.....ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے ۔ نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات کا انتظام کیا گیا ہے ۔ نماز عید ادا کر دی گئی ہے ، نماز کے بعد تمام گلے شکوے بھلا کر عید ملنے کا سلسلہ جاری ہے ۔نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
مساجد اور عیدگاہوں میں نمازعید کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی، امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔
صدر مملکت ممنون حسین نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں عید کی نماز ادا کی ،وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے رائے ونڈ میں نماز عید ادا کی ،سابق وزيراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان کی موسی پاک درگاہ میں نماز عید پڑھی ۔کراچی کے پولو گراؤنڈ میں بھی نماز عید پڑھی گئی ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے بھی شہریوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔
دنیا بھر کے مسلمان منیٰ میں 700 سے زیادہ حجاج کی شہادت کے باعث خوشی کا یہ دن بھی اداس دلوں کے ساتھ منارہے ہیں۔
کراچی بھر میں عید الاضحی کی نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے سلسلے میں گائے بیل اور بکروں کی قربانی کی جارہی ہیں،شہر بھر کے 3113 مساجد ،224 امام بارگاہوں اور نماز عید کے دیگر448 کھلے مقامات میں عیدالاضحیٰ کے نماز کی خصوصی انتظامات کئے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی کی ادائیگی بھی کی جارہی ہیں،
لاہور کی بادشاہی مسجد میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا ،اسلام آباد کی فیصل مسجد میں بھی نماز عید ادا کردی گئی ، شہریوں کے ساتھ مختلف ملکوں کے سفارتکارو نے بھی یہیں نماز عید ادا کی ۔کوئٹہ کے طوغی روڈ پر بھی نماز عید ادا کردی گئی ، سکھر میں عید الضحیٰ کی پہلی نماز مکہ مسجد میں ادا کردی گئی ہے جس کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی شروع کر دی گئی ہے۔
نماز عید کی ادائيگی کے بعد جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، کسی کو قصائی مل گیا تو کوئی ابھی تک قصائی کے انتظار میں ہے، بڑے شہروں میں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔