پاکستان
25 ستمبر ، 2015

ملک بھر میں نماز عید کے بعد قربانی کا سلسلہ جاری

ملک بھر میں نماز عید کے بعد قربانی کا سلسلہ جاری

کراچی......ملک بھر میں عیدقرباں مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہیں،کہیں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی جارہی ہیں، تو کہیں گھروں میں مزے مزے کے کھانے تیار کیے جارہے ہیں،جبکہ کہیں گوشت تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں نماز عید ادا کردی گئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اسلام آباد میں عید الاضحی کا بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد میں ہوا جس میں آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے۔ راولپنڈی میں عید کے بڑے اجتماعات مرکزی عید گاہ، لیاقت باغ اور اسپورٹس کمپلیکس میں ہوئے، عید گاہوں اور مساجد کی سیکیورٹی کے لیے دوہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، آر پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف پولیس سرگرم ہے، شہر کے امن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ صدر مملکت نے بھی کراچی میں ہی عید کی نماز ادا کی کراچی میں نماز عید کے تقریباً چار ہزار چھوٹے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر پاکستان اور امت مسلمہ کی خوش حالی ، ترقی ، ملک میں امن و امان کے قیام اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ علمائے کرام اور خطیبوں نے گزشتہ روز منیٰ کے حادثے کا ذکر کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ۔

لاہور میں 3 سو سے زائدمقامات پر عید الضحی کے اجتماعات ہوئے۔سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔اس موقع پر سانحہ منیٰ کے شہداء کیلئے مغفرت کی خصوصی دعا کے ساتھ ملکی ترقی ،اتحاد و یگانگت اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عید کی نماز جاتی عمرہ رائیونڈ میں ادا کی۔اس موقع پر ملکی سلامتی،قومی ترقی و خوشحالی اور سانحہ منیٰ کے شہداکے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے گورنر ہاوس جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں عید کی نماز ادا کی۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جامعہ نعیمیہ میں نماز پڑھی۔ڈاکٹر راغب نعیمی نے عید قربان کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ حافظ ابتسام الہی ظہیر نے مینار پاکستان ،حافظ محمد سعید نے قذافی اسٹیڈیم اور علامہ طاہر نجمی نے کربلا گامے شاہ میں عید کی نماز پڑھائی۔نماز کے بعدشہر کے مختلف مقامات پر سینکڑوں جانوروں کی اجتماعی قربانی کر کے سنت ابراہیمی ادا کی گئی۔
ملک بھر کی طرح پشاورمیں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے ۔جس کے بعد ملکی ترقی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ پشاورمیں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع چارسدہ روڈ عیدگاہ کے مقام پر جہاں سیکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ پشاور میں ہونے والے نماز کے اجتماعات میں علماء نے ملکی ترقی خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ حج کے دوران شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں ۔نماز عید کی ادائیگی کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارک باد دی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عبادت گاہوں کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔

اہم سیاسی شخصیات نے اپنے اپنے آبائی شہروں میں نما زعید اداکی۔ اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی۔ملتان میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے درگاہ موسی پارک میں نماز ادا کی ۔اس موقع پرمیڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کراچی میں رینجرز آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کے متفقہ فیصلے کے بعد شروع کیا گیاہے۔ سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے شاہی عید گاہ اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے درگاہ بہاؤالدین زکریا میں عید کی نماز ادا کی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی۔

فیصل آباد میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے جامع مسجد مدنی اور وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے خالدہ پارک میں نماز کی ادائیگی کی،مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت اور پرویزالہی نے گجرات کی جامع مسجد میں نمازعید ادا کی ۔
وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے گڑھی خدا بخش میں نماز عید ادا کی میڈیا سے گفت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ رینجرز کو سندھ میں اغواء براِئے تاوان،بھتہ خوری اور دہشت گردی کی روک تھام سمیت 4 نکات پر روک تھام کے اختیارات دئیے گئے۔سید قائم علی شاہ نے بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

مزید خبریں :