پاکستان
25 ستمبر ، 2015

کراچی: جگہ جگہ آلائشیں اور غلاظت موجود، اٹھانے والا کوئی نہیں

کراچی: جگہ جگہ آلائشیں اور غلاظت موجود، اٹھانے والا کوئی نہیں

کراچی........عید الاضحیٰ پر کراچی میں صفائی ستھرائی کیلئے ایمرجنسی تو نافذ کی گئی اور گورنر سندھ کو بھی سب اچھا ہے کی رپورٹ پیش کی گئی لیکن زمینی حقائق اس کے بالکل مختلف ہیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی اورضلعی میونسپل کارپوریشنز پر مبنی اداروں کی نااہلی ہربار اور کسی بھی بڑے تہوار پر کھل کر سامنے آجاتی ہے۔ اربوں روپے بجٹ والے ان اداروں کی کارکردگی سے لگتا ہےکہ عوام کی بے بسی پر منہ چڑھا رہی ہو۔

عیدالاضحیٰ پر اس سال کراچی میں اندازاً 20 لاکھ جانور فروخت ہوئے اور حکومت کی جانب سے ہمیشہ کی طرح یہ ہی دعوے کیے گئے کہ سب اچھا ہے۔

کراچی میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے ہر ضلعے اور ٹاؤن میں مقامات مختص کیے گئے لیکن ہوا وہی جو ہوتا آیا ہے، ہرعلاقے میں آلائشیں اور غلاظت موجود ہے اور اٹھانے والا کوئی نہیں، عوام 1339 ہیلپ لائن پر کال ہی کرتے رہ گئے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سب اچھا ہے کا راگ الاپا اور گورنر سندھ کو شہر کے دورے کے موقع پر سب اچھا ہے کی رپورٹ بھی پیش کی لیکن شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں اور آلائشیں پڑی ہوئی ہیں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ کم ازکم عیدالاضحی پر تو بہتر کارکردگی دکھا دے۔

مزید خبریں :