29 ستمبر ، 2015
اسلام آباد ......کرپشن کے الزامات پر خیبرپختونخوا حکومت سے فارغ ہونے والی قومی وطن پارٹی دوبارہ صوبائی حکومت کا حصہ بنے گی ،معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
خیبر پختونخوا کی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے ہونیوالے معاہدے پر تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور جہانگیر ترین نے جبکہ قومی وطن پارٹی کی جانب سے سکندر شیرپاؤ اور انیسہ زیب طاہر خیلی نے حکومتی اتحاد کے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے پر دستخط کے لیے تحریک انصاف کا وفد اسلام آباد میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ کے گھر گیا ،معاہدے کے تحت قومی وطن پارٹی کو 2 وزارتیں ملیں گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی وطن پارٹی کے سکندر شیرپاؤ اور انیسہ زیب طاہر خیلی صوبائی کابینہ میں شامل ہونگے، انہیں آبپاشی، معدنیات اور داخلہ امور کی وزارتیں دیے جانے کا امکان ہے۔