29 ستمبر ، 2015
کراچی .....کراچی میں ٹریفک کا سیلاب ہےمگر اہم شاہراہوں کے سگنلز خراب ہونے کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا ۔شہر کے 190ٹریفک سگنل میں سے 40سے زائد خراب ہوگئے ہیں۔
کراچی کی اہم شاہراہوں ایم اے جناح روڈ ،برنس روڈ ،گرومندر،ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں ٹریفک کا دبائو رہتا ہے مگر اس کو کنٹرول کرنے کیلئے شہر بھر میں لگائے 190میں 40سے زائد ٹریفک سگنلز ناکارہ ہوچکے ہیں،جس کے باعث ٹریفک جام رہتا ہے۔
ڈی آئی جی ؔٹریفک ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ ٹریفک سگنلز کو ٹھیک کرنا ہماری ذمے داری نہیں،یہ ذمہ داری کے ایم سی، کنٹونمنٹ اور سائٹ ایسوسی ایشن کی ہے ،اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو خط لکھ دئیے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ دنیا بھر میں ایسے جدید سگنلز ہیں جن میں کیمرے نصب ہوتے ہیں، لیکن یہاں تو ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے ہاتھ کے اشاروں کی مدد لینی پڑتی ہے۔
ٹریفک سگنلز لال ،پیلے اور ہرے ہونے کے بجائے تاریک رہتے ہیں ،یہ حادثات کا وہ کھلا دعوت نامہ ہے ،جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔