پاکستان
29 ستمبر ، 2015

کراچی آپریشن کےاثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے، ٹوبیاس ایل وڈ

کراچی آپریشن کےاثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے، ٹوبیاس ایل وڈ

لندن ......برطانیہ کے وزیرمملکت برائے پاکستان ٹوبیاس ایل وڈ نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، اگر امن قائم ہوجائے تو کراچی میں معجزے سرانجام دینے کی صلاحیت ہے۔

گزشتہ ہفتے کراچی اور اسلام آباد کے دوروں کے بعد لندن میں نمائندہ جیو نیوز سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے، نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان میں شدت پسندوں کے حملے ایک دن میں 5 کے بجائے اور دن میں ایک یا اس سے بھی کم ہوچکے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپریشن درست سمت میں جاری ہے۔

برطانیہ کے وزیر مملکت برائے پاکستان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری خاص طور پر برطانیہ اس بات کو بہت مثبت سمجھتا ہے کہ کراچی میں ایسے جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن جاری ہے، جنہوں نے برسوں سے شہر کو یرغمال بنایا ہوا تھا اور کراچی کو امن اور ترقی کی جانب پیش رفت نہیں کرنے دے رہے تھے۔

ٹوبیاس نے جیو نیوز کو بتایا کہ ان کا دورہ کراچی بذات خود اس بات کا اظہار ہے کہ کراچی میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور یہ اس بات کی شہادت بھی ہے کہ چیزیں تبدیل ہورہی ہیں۔

انہوں نے پاک فوج کی جانب سے شدت پسندوں کے خلاف مہم کی تعریف بھی کی اور بتایا کہ پاک برطانیہ فوجی روابط میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزید خبریں :