30 ستمبر ، 2015
کابل ......افغانستان کے شہر قندوز پر طالبان کے قبضے کے بعد افغان سیکیوریٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کاکہنا ہے کہ حکومت کو اپنی شکست تسلیم کر لینی چاہیے۔
طالبان سے قندوز کا قبضہ چھڑانے کے لیے افغان سیکیوریٹی فورسز اور نیٹو افواج کی فضائی کارروائی کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔افغان صدر اشرف غنی کے مطابق سیکیوریٹی فورسز نے چند سرکاری عمارتوں پر سے طالبان کا قبضہ چھڑا لیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ روز طالبان کے مزید جنگجو شہر میں داخل ہوئے، افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قندوز شہر کا قبضہ نہیں چھوڑیں گے حکومت اپنی شکست تسلیم کرلے۔
نیٹو ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی طیارے قندوز شہر کے گردو نواح میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، امریکا نے امید ظاہر کی ہے کہ افغان فورسز جلد قندوز کاکنٹرول حاصل کر لیں گی۔
افغان پولیس کا دعوی ہے کہ کارروائی کے دوران اب تک 80 دہشت گر د ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی، دوسری جانب افغان وزارت صحت کے مطابق قندوز کے اسپتالوں میں 16 لاشیں اور 200 زخمی افراد کو لایا گیا ہے۔