دنیا
01 اکتوبر ، 2015

پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر مسائل حل کریں گے ،سفیر پاکستان

پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر مسائل حل کریں گے ،سفیر پاکستان

بارسلونا......شفقت علی رضا......ہم اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں۔کمیونٹی کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کی کوشش کریں گے ۔ان خیالات کا اسپین میں تعینات پاکستان کے سفیر رفعت مہدی نے روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بارسلونا قونصلیٹ جنرل آفس سے کمیونٹی کومشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کا مطالبہ پورا ہوا ہے اسی طرح ہماری کوشش ہوگی کہ ہم باقی ماندہ مسائل کوبھی جلد از جلد حل کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کے حکم پر وزارت داخلہ نے ہماری درخواست پر عمل درآمد کرتے ہوئے میڈریڈ کے ساتھ ساتھ بارسلونا سے بھی ڈیجیٹل پاسپورٹ کے اجراء کو یقینی بناتے ہوئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے مشینری آپریٹر کو تعینات کیا ہے جس سے22ستمبر سے شروع کئے گئے ڈیجیٹل پاسپورٹ کے اجراء پر دن رات کام کیا جائے گا تاکہ بارسلونا میں مقیم کمیونٹی کے مینوئل پاسپورٹ تیزی سے ڈیجیٹل ہو جائیں تاکہ انہیں ”انٹرنیشنل ایوی ایشن اتھارٹی “کی جانب سے مینوئل پاسپورٹ پر سفر کی آخری تاریخ 24نومبر آنے پر پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

انہوں نے کہا کہ قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ ،ویلفیئر قونصلر محمد اسلم خان غوری اور سفارت خانہ پاکستان کے تمام اسٹاف کی ان کوششوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جو انہوں نے مشینری آپریٹر کی قونصلیٹ آفس بارسلونا میں تعیناتی کے لئے کی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے بھی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء تک جس صبر وتحمل کا مظاہرہ اور سفارت خانہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے وہ بھی قابل تحسین ہے۔

مزید خبریں :