01 اکتوبر ، 2015
دمشق.......شام اور عراق میں سرگرم دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ عراق وشام( داعش) کے خود ساختہ خلیفہ ابوبکرالبغدادی حال ہی میں عراق کے شہر موصل سے الرمادی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے الرمادی میں ہونے والی لڑائی کی خود نگرانی شروع کی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق البغدادی نے تنظیمی شعبوں کے عہدیداروں میں غیرمعمولی تبدیلیاں بھی کی ہیں۔انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ابو بکر البغدادی موصل سے رمادی پہنچے جہاں وہ عراقی فوج کے ساتھ ہونے والی لڑائی کی خود نگرانی کررہے ہیں۔
عراقی انٹیلی جنس کے ایک سینئر عہدیدار نے اخبار کو بتایا کہ الرمادی میں دو ماہ کی خاموشی کے بعد خلیفہ البغدادی وہاں پہنچے ہیں تاکہ لڑائی کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے سکیں۔
عراقی فوجی عہدیدار نے "داعش" کے خلاف جنگ کے حوالے سے عراقی سیاسی قیادت میں پائے جانے والے اختلافات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف لڑائی کے ساتھ ساتھ شیعہ ملیشیا حشد الشعبی اور امریکا کے بارے میں بھی ہماری قیادت میں گہرے اختلافات ہیں جو اب منظرعام پر آچکے ہیں۔