02 اکتوبر ، 2015
پشاور.......ضلع کونسل پشاور نے 7 ارب 36 کروڑ روپے سے زیادہ کا غیر ترقیاتی بجٹ منظور کر لیا ۔ اپوزیشن کونسلرز نے محکمہ خزانہ سے تیار بجٹ پیش کرنے پر ہنگامہ آرائی کی اور اجلاس کا بائیکاٹ کیا ۔
ضلع کو نسل کا اجلاس کنونئر قاسم علی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ اجلاس کے آغاز پر ہی اپوزیشن کونسلرز نے ہنگامہ شروع کر دیا اور بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ محکمہ خزانہ کا تیار کر دہ ہے۔
اپوزیشن کونسلرز نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا تاہم حکومتی کمیٹی اپوزیشن کونسلرز کو منا کر واپس لے آئی جس کے بعد ضلع ناظم ارباب عاصم نے ضلع پشاور کا 7 ارب 36 کروڑ 94 لاکھ 85 ہزار تین سو روپے کا غیر ترقیاتی بجٹ پیش کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ محکمہ خزانہ سے موصول ہوا ہے جس میں ہمارا عمل دخل نہیں ۔ بجٹ ضلعی حکومت کے قیام سے پہلے تیار ہوا تھا ۔ ضلع ناظم نے بجٹ تقریر میں کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 6 ارب 98 کروڑ 84 لاکھ 200 روپے مختص ہیں۔ ضلع کونسل نے بجٹ کی منظوری دیدی جس میں اپوزیشن نے بھی ضلعی حکومت کا ساتھ دیا۔