02 اکتوبر ، 2015
کراچی.......پاکستان کا سب سے بڑا شہر آج تیسرے روز بھی سخت گرمی کی لپیٹ میں رہا۔ شہر میں آج پارا 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ تین روز کے دوران ایک بار پھر متعدد افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار بنے۔
کراچی کے شہریوں کی آج بھی ایک دہائی تھی، ہائے گرمی ہائے گرمی۔ دن بھر سخت گرمی سے پریشان شہریوں نے شام کو سکھ کا سانس لیا۔ گرمی سے بے حال کراچی کے شہری کہتے ہیں کہ گرمی کے توڑ کے لیے آئسکریم سے بہتر کوئی چیز نہیں۔
شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسزڈاکٹر سلمٰی کوثر کا کہنا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک کے درجن بھر سے زائد افراد لائے گئے۔ زیادہ تر افراد کو فوری طبی امداد دینے کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا ہے۔
شہر میں دن ڈھلنے کے بعد جنوب مغرب سے ہوائیں چلنے کے بعد موسم میں بہتری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ کراچی میں اکتوبر کا مہینہ گرم ہی ہوتا ہے اور آئندہ ہفتے بھی درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔