14 اکتوبر ، 2015
ڈیرہ غازی خان .....ڈیرہ غازی کے علاقے تونسہ شریف میں ن لیگ کے ایم این اے امجد کھوسہ کے ڈیرے میں دھماکے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ،مرنیوالوں میں یونین کونسل کے چیئرمین کے 2امیدوار بھی شامل ہیں جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈیرہ غازی خان مبشر میکن نے7افرد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 5کی شناخت ہوگئی ہے ، جن میں سےدو یونین کونسل کے چیئرمین کیلئے ن لیگ امیدوار تھے۔
دھماکا امجد فاروق کھوسہ کے کیمپ آفس میں ہوا،رکن قومی اسمبلی گزشتہ رات ہی اسلام آباد آگئے تھے جس کی وجہ سے وہ ڈیرے پرموجودنہیں تھے،ان کے مطابق انہیں کسی بھی جانب سے کوئی دھمکی نہیں ملی تھی۔
تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کررہی ہیں، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تونسہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت ڈیرے پر 100سے زائد افراد موجود تھے۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔