14 اکتوبر ، 2015
ابو ظہبی........شعیب ملک کی ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری کے ساتھ شاندار واپسی ہوئی، جس کے بعد ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے ٹویٹ میں لکھا ’’الحمد للہ‘‘۔
پانچ برسوں بعد شعیب ملک کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی تو انھوں نے اسے ڈبل سنچری سے یادگار بنا دیا۔ اس سے پہلے ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی کچھ ماہ سے بھرپور فارم میں ہیں۔
انھوں نے اسی سال اپنی ڈبلز پارٹنر مارٹینا ہنگز کے ساتھ مل کر ومبلڈن اور یوایس اوپن جیسے دو بڑے گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیے ہیں۔ ان کی ان کامیابیوں پر شعیب ملک کو بھی کہنا پڑا کہ بیوی کی کارکردگی اچھی ہو تو میاں پر بھی دبائو پڑتا ہے۔
بیگم کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری تھا کہ موقع ملنے پر شعیب ملک نے بھی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں میں ہاتھ دکھانا شروع کر دیے۔ اظہر علی کے زخمی ہونے پر شعیب ملک کو ٹیسٹ میچ میں چانس ملا تو انھوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا اسکور بنا ڈالا، اس پر ثانیہ مرزا نے فوراً ٹویٹ کیا ’’الحمدللہ‘‘۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ میاں بیوی کی فارم کا یہ سلسلہ ایک ساتھ جاری رہتا ہے یا ایک کی فارم خراب ہونے پر دوسرے کی فارم بھی خراب ہو جاتی ہے۔