کھیل
18 اکتوبر ، 2015

پاک بھارت کرکٹ ملاقات :شہریار خان،نجم سیٹھی ممبئی روانہ

پاک بھارت کرکٹ ملاقات :شہریار خان،نجم سیٹھی  ممبئی روانہ

لاہور.......پاک بھارت کرکٹ سیریز دسمبر میں ہو گی یا نہیں ، جواب لینے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان بھارت روانہ ہو گئے ہیں ۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کا اہم اجلاس بھی آج ممبئی میں ہورہا ہے۔

پی سی بی چیئرمین شہریار خان کے ہمراہ پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی بھی ممبئی گئے ہیں جہاں پاک بھارت کرکٹ حکام کی ملاقات کل شیڈول ہے ۔

اس میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان سیریز پر تو بات ہو گی ہی پاکستان سپر لیگ کے لیے بھارتی کھلاڑیوں کو اجازت دینے کا معاملہ بھی موضوع بحث بنے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار بھارت میں سیاسی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ممبئی میں ہو رہا ہے جس میں پاک بھارت سیریز پر بھی بات ہو گی ۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اگر حکومت پاک بھارت کرکٹ سیریز کی اجازت نہیں دیتی تو پھر دسمبر میں تین ملکی ٹورنامنٹ کرانے کی حکمت عملی طے کی جاسکتی ہے جس کا ممکنہ وینیو بنگلہ دیش ہو سکتا ہے جبکہ مالی معاملات بعد میں طے کیئے جائیں گے۔

مزید خبریں :