دنیا
18 اکتوبر ، 2015

بھارت میں ڈھائی سالہ بچی سے زیادتی کرنیوالے دو ملزم گرفتار

بھارت میں ڈھائی سالہ بچی سے زیادتی کرنیوالے دو ملزم گرفتار

نئی دلی.......بھارت میں دو روز قبل ڈھائی سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان بچی کے پڑوسی اور رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو روز قبل نئی دلی کے علاقے ننگ لوئی میں ڈھائی سالہ بچی سے زیادتی کے کیس میں دو افرد کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ ملزمان کی گرفتاری گزشتہ رات عمل میں آئی۔ بھارتی پولیس کے مطابق دونوں ملزمان بچی کے پڑوسی اور رشتہ دار ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب متاثرہ بچی کی حالت اب بہتر ہے اور اسے جلد اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔ معصوم بچی سے زیادتی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی اپنی دادی کے ہمراہ مذہبی تقریب میں شرکت کے لئے گئی تھی۔ تقریب کے دوران علاقے میں بجلی چلی گئی اور اسی دوران ملزمان نے بچی کو اغوا کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر شدید زخمی حالت میں جھاڑیوں میں پھینک دیا تھا۔

اس روز نئی دلی میں زیادتی کے ایک اور واقعے میں پانچ سالہ بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے میں گرفتار تینوں ملزمان کو 30 اکتوبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :