20 اکتوبر ، 2015
کراچی.....سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 31اکتوبر کو ہونے جا رہا ہے جس کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام پولنگ اسٹیشن پر مقرر کئے گئے پریزائڈنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات منتقل کردئیے ہیں جن کے تحت وہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا سنا سکیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پریزائڈنگ افسران کو منتقل کئے گئے اختیارات کی میعاد تین دن تک رہے گی، تمام پریزائڈنگ افسران 30 اکتوبر سے پہلی نومبر تک مجسٹریٹی اختیارات استعمال کر سکیں گے۔پریزائڈنگ افسران جرمانے اور قید کی سزا دے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق 30اکتوبر سے پہلی نومبر تک پولنگ اسٹیشن کے قریب لائوڈ اسپیکر کے استعمال اور شور شرابے پر پابندی ہوگی ، خلاف ورزی کرنے والے شخص کو پریزائڈنگ افسرتین مہینے تک قید کی سزا سنا سکتا ہے ۔
بیلٹ پیپر چھیننے، بیلٹ پیپر خراب کرنے یا بیلٹ پیپر لے جانے والے افراد کو بھی پریزائڈنگ افسر 6 ماہ قید سمیت 20 ہزار روپے نقد جرمانے کی سزا دے سکتے ہیں۔ مجسٹریٹی اختیارات کے تحت پریزائڈنگ افسران ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے والے شخص کو بھی 6ماہ قید کی سزا دے سکتے ہیں۔
سندھ کے آٹھوں اضلاع میں ہر پولنگ بوتھ پر ایک پریزائڈنگ افسر مقرر کیا جائیگا، سکھر، خیرپور، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکارپور، قمرشہدادکوٹ، جیکب آباد، کشمورایٹ کندھ کوٹ اضلاع میں 13 ہزار 593 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔