24 اکتوبر ، 2015
کربلا/بیروت .......پاکستان سمیت دنیا بھر میں 10 محرم الحرام یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس نکالے جا رہے ہیں،عزادار غم حسینؓ میں نوحہ خوانی اور ماتم کر رہے ہیں۔
عراق کے شہر کربلا میں یوم عاشورہ کے جلوس میں دنیا بھر سے آئے ہزاروں افراد نے شرکت کی،کربلا کا مرکزی جلوس روضہ حسین کی جانب رواں دواں ہے۔امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر لاکھوں زائرین نوحہ کناں ہیں اور سینہ کوبی کر کے غم حسین منا رہے ہیں۔
ایران میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس میں ہزاروں عزاداروں شریک ہوئےاورحضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یادیں تازہ کیں ، جلوسوں میں امام حسین کی یاد میں نوحے بھی پڑھے گئے۔
لبنان میں یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، دارالحکومت بیروت میں یوم عاشورہ کے موقع پر بڑی ریلی نکالی گئی،جس میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔