26 اکتوبر ، 2015
گلگت .......گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد سرد ہواؤں نے ٹھنڈ میں اضافہ کردیا ہے ۔
مظفرآباد کا زمینی رابطہ وادی نیلم اور وادی لیپہ اور مختلف مقامات سے منقطع ہو گیا ہے ۔ملک کے بالائی علاقے گلگت ،اسکردو ، غِذر، استور ، دیامر میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش سے موسم کافی سرد ہوگیا ہے۔جلانے کی لکڑی مہنگی ہونے سے لوگ درختوں کی لکڑیاں کاٹ کر جلارہے ہیں
آزادکشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راولپنڈی اور مظفر آباد کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہے ۔
ضلع نیلم اور ہٹیاں بالا سے ملانے والی شاہراہوں پر مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے وادی نیلم اور لیپہ کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ۔ راولپنڈی شاہراہ کوہالہ کے مقام پر اورمظفر آباد ایبٹ آباد روڈ لوہار گلی روڈ لینڈ سلائیڈ نگ کے باعث بند ہوگئی ہے ۔ مری میں وقفے وقفے سےبارش اور ژالہ باری ہورہی ہے جس سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے ۔
سوات کے بالائی اور میدانی علاقوں جبکہ چترال میں بھی برف باری کے بعد سردی کی شدت بڑھتی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ ، فاٹا ، اسلام آباد ، بالائی پنجاب ، راولپنڈی ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال ، بنوں ، ژوب، ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔