23 مئی ، 2012
کراچی … کراچی میں بدھ کو بھی بس پر فائرنگ اور ٹارگٹ کر کے 4 افراد کو قتل جبکہ متعدد کو زخمی کردیا گیا، نامعلوم افراد نے ایک بس جلادی، پولیس اور رینجرز نے ملیر کے کشیدہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا۔ محبت سندھ ریلی پر فائرنگ کے خلاف عوامی تحریک کی اپیل پر کراچی میں جزوی ہڑتال کی گئی۔اس دوران ملیر قائد آباد، گلشن حدید ،اولڈ سٹی ایریا،گلشن اقبال ،گلستان جوہر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں بند رہیں۔ شہر میں خوف وہراس اور کشیدہ صورتحال کے باعث ٹریفک انتہائی کم رہا۔لیاری میں میراں ناکہ کے قریب ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔ کھارادر میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ گلستان جوہر میں جوہر چورنگی کے قریب فائرنگ کر کے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سلطان مندوخیل کے بھانجے جمیل مندوخیل کو قتل کردیا گیا۔ناظم آباد میں فائرنگ سے 9 ماہ کی بچی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ قائد آباد کے قریب اسٹیل ملز کی بس پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا۔ ملیر کے آسو گوٹھ میں فائرنگ سے اسکول ٹیچر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے آسو گوٹھ سمیت ملیر کے دیگر علاقوں کا محاصرہ کیا۔ محاصرے کے دوران مختلف گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ اس دوران علاقے میں کسی کو بھی آنے اور جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔