انٹرٹینمنٹ
01 نومبر ، 2015

بھارت میں ایوارڈ زکی واپسی بڑی تحریک ہے،زوبین مہتا

بھارت میں ایوارڈ زکی واپسی بڑی تحریک ہے،زوبین مہتا

نئی دہلی......موسیقی کی عالمی شہرت یافتہ شخصیت زوبین مہتا نے بھارت میں ادیبوں، سائنس دانوں اور فلم میکرز کی جانب سے ایوارڈ واپس کئے جانے کے اقدام کوجرات مندانہ عمل قرار دیاہے۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شامل کیے جانے کی بھی بات کہی ہے۔

زوبین مہتا نے، جوان دنوں آسٹریلین ورلڈ آرکسٹرا کے ساتھ بھارت کا دورہ کر رہے ہیں ،یہ باتیں حالیہ دنوںمیں بھارتی حکومت کے جانب دارانہ رویے کے خلاف دانشوروں کے انوکھے احتجاج کے ضمن میں کہیں۔ا نہوں نے کہا کہ میں یہاں نہیں رہتا ہوں اور اس پورے سلسلے کا حصہ نہیں ہوں لیکن اخبار میں اس کے بارے میں پڑھا۔ میری خواہش ہے کہ میں ان میں سے کسی مصنف یا فلم ساز سے مل پاتا اور ان کی باتیں سنتا۔ اگر اس طرح کے دانشور سامنے آ رہے ہیں اور اپنے ایوارڈ واپس کر رہے ہیںتو اس کا مطلب ہے کہ انھیں بہت برا لگا ہے۔ وہ جو کچھ کر رہے ہیں میں ان کی قدر کرتا ہوں۔ میرے خیال میں حکومت کو ان کے ساتھ بیٹھ کر اس پر بات کرنا چاہیے۔

انہوںنے ایک بھارتی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ممبئی میں پاکستان کے فنکاروں کے پروگرام نہ ہونے دیئے جانے اور منتظمین کے چہرے پر سیاہی لگانے پر تنقید کی اور بھارت میں عدم رواداری کے واقعات کو کلچرل ڈکٹیٹرشپ سے تعبیر کیا۔ انہوں نے نہ صرف پاکستانی فن کاروں کو ہندوستان میں پروگرام پیش کرنے کی اجازت کی بات کی بلکہ پاکستانی کرکٹرز کی آئی پی ایل میں شمولیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ انگلستان یا آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی جیت پر وہ پاکستان کے لیے خوشی مناتے ہیں لیکن جب میچ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوتا ہے تو بات الگ ہوتی ہے۔

اس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے 79سالہ موسیقار نے کہا کہ اگر صحافی یا دانشور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں تو حکومت کی جانب سے ان کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے بلکہ انھیں اظہار رائے کی مکمل آزادی ملنی چاہیے۔ انہوں نے اقلیتوں کے عدم تحفظ کے احساس پر کہا کہ اس ملک میں 15 کروڑ مسلمان رہتے ہیں اور اقلیتوں کو تحفظ کا احساس دلایا جانا چاہیے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بھارت میں موسیقی کے ایک عالمی سطح کے ہال کے قیام کی بات بھی کہی۔ اس دورے میں ان کے ساتھ کرکٹ میںتمام وقتوں کےعظیم کھلاڑی بریڈ مین کی پوتی بھی ہیں جنہوں نے بتایا کہ ان کے دادا زوبین مہتا کے بڑے مداح تھے۔

مزید خبریں :