27 جنوری ، 2012
لاہور…پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعے کے روز صرف پونے دو گھنٹے جاری رہا، کورم کی نشاندہی پر سوموار تک ملتوی کردیا گیا،فارورڈ بلاک کے شیخ علاوٴالدین نے وزراء کو ایوان میں لانے کے لیے وینا ملک کو لانے کی تجویز دیدی، پنجاب اسمبلی کا اجلاس پونے دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، فارورڈ بلاک کے انجینئر قمر الاسلام نے محکمہ تعلیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انٹر کے رزلٹ کی ری چیکنگ میں غفلت برتنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں، وزیر تعلیم مجتبیٰ شجاع کا کہنا تھا کہ اس بار نئی ٹیکنالوجی متعارف کرارہے ہیں،مشکل پیش نہیں آئے گی، فارورڈ بلاک کی ماجدہ زیدی نے پارلیمانی سیکرٹری ہاوٴسنگ ظفر ناگرہ کی طرف سے جواب میں تاخیر اور ایوان میں نہ آنے پر احتجاج کیا،اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سیکریٹری نے جواب نہ دیا تو ایکشن لیا جائے گا، فارورڈ بلاک کے شیخ علاوٴالدین نے کہا کہ ایوان میں وزیرنہیں آتے ،سینیٹ کی طرح وینا ملک کو یہاں لانے کا بھی بندوبست ہونا چاہیے، وزیر قانون نے بلدیاتی ترمیمی بل پیش کیا جسے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، اس موقع پر اپوزیشن کی فائزہ ملک نے کورم کی نشاندہی کردی، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس سوموار سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔